(سرینگر) پیپلز ڈیموکرٹیک پارٹی ( پی ڈی پی ) کے جنرل سیکرٹری غلام نبی لون ہانجورہ نے پارٹی میں اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق غلام نبی لون ہانجورہ نے پارٹی صدر محبوبہ مفتی کے نام اپنے استعفیٰ روانہ کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے وہ پارٹی عہدے سے مستعفی ہو رہے ہیں تاہم پارٹی کی بنیادی رکنیت کو قائم کرتے ہوئے پارٹی کی بہبودی کیلئے آگے بھی کام کرتے رہیں گے تاہم ابھی تک یہ بات معلوم نہیں ہوئی ہے کہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی نے ہانجورہ کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے یا نہیں ۔ خیال رہے کہ غلام نبی ہانجورہ پی ڈی پی کے سنیئر لیڈر ہے اور وہ ابھی پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے عہدے پر تعینات تھے ۔ وہ ضلع بڈگام کے چرار شریف اسمبلی حلقے سے سابق رکن اور وزیر بھی رہے ہیں۔ وہ مرحوم مفتی سعید کے قریبی ساتھیوں میں گنے جاتے ہیں۔ دریں اثناء پی ڈی پی ذرائع کے مطابق غلام نبی لون نے ناراض ہونے کے سبب ایسا قدم اٹھایا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے 29 جنوری سنہ 2022 کو ان کے بیٹے مظفر نبی لون کو بڈگام ضلع میں پارٹی کے یوتھ نائب صدر بنایا گیا تھا تاہم ضلع میں پارٹی کے دیگر لیڈران نے مخالفت کی تھی کیونکہ لون کا بڑا فرزند گوہر نبی لون ضلع کے یوتھ صدر ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ پارٹی صدر محبوبہ مفتی ان کے استعفیٰ کو منظور نہیں کرے گی اور کوشش کی جارہی ہے کہ ان کے ساتھ رابطہ کرکے افہام و تفہیم ہو۔