(سرینگر) ایس ایس پی سرینگر راکیش بلوال نے کہا ہے کہ سرینگر میں ایک دوشیزہ پر تیزاب پھینکنے کے حالیہ واقعے کے خلاف آنے والے دنوں میں چارج شیٹ پیش کیا جائے گا۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ اس کیس میں مضبوط ترین سیکشنز کے اطلاق کو یقینی بنایا جائے گا۔ ایس ایس پی سرینگر نے ان باتوں کا اظہار بدھ کے روز یہاں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔تیزاب پھینکنے کے واقعے پر پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا: ’اس میں تحقیقات زوروں سے جاری ہیں اگلے چار پانچ دنوں میں چارج شیٹ پیش کیا جائے گا‘۔انہوں نے کہا کہ اس کیس میں مضبوط ترین سیکشنز کے اطلاق کو یقینی بنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ سرینگر کے حول علاقے میں یکم فروری کی شام ایک 24 سالہ دوشیزہ پر تیزاب پھینکا گیا۔پولیس نے واقعے کے اگلے ہی روز اس تین افراد کی گرفتاری عمل میں لائی۔وادی کی تمام دینی سیاسی و سماجی تنظمیوں نے اس واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور ملوثین کو قرار واقعی سزا سنانے کا مطالبہ کیا۔