(سرینگر) انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر مسلسل پابندی پر تشویش اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح مسلمانوں کے مذہبی جذبات و احساسات کو مجروح کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انجمن کے ایک ترجمان نے جمعے کے روز اپنے ایک بیان میں کہا: ’ماہ رجب المرجب کا پہلا عشرہ بھی مکمل ہو رہا ہے تاہم حکام نے ایک بار پھر اپنی من مانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی مرکزی عبادت گاہ جامع مسجد سرینگر میں مسلمانان کشمیر کو اپنا مذہبی فریضہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی‘۔بیان میں کہا گیا: ’اس طرح مسلمانوں کے مذہبی جذبات اور احساسات کو زخمی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور یہ عمل صریحاً مداخلت فی الدین کے مترادف ہے‘ ۔ انجمن اوقاف ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلمانوں کو نماز جمعہ جیسے اہم فریضے کی ادائیگی سے روکنا نہ صرف افسوس ناک ہے بلکہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی انتہائی قابل تعجب ہے کہ جموں وکشمیر کے طول و عرض سے عوامی سطح پر پُر امن صدائے احتجاج اور سماج کے تمام طبقوں کی جانب سے آوازیں بلند کرنے کے باوجود نہ تو جامع مسجد کو نماز جمعہ کےلئے کھولنے کی اجازت دی جارہی ہے اور ن ہی میرواعظ کشمیر مولوی عمر فاروق کی رہائی عمل میں لائی جارہی ہے۔