(جموں) جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ کا کہنا ہے کہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ عوام کو آپس میں لڑانے کی ایک مذموم سازش ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حد بندی کمیشن کا کام مکمل طورپر بھاجپا کے ایما پر ہوا ہے اور کمیشن نے بھاجپا کو فائدہ پہنچانے کے لئے رپورٹ تیار کی۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے خط پیر پنچال اور خط چناب سے وابستہ پارٹی لیڈران کے ساتھ خصوصی میٹنگ کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ عوامی حمایت، تعاون اور اشتراک سے ہی ہم بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کرسکتے ہیں ۔این سی سرپرست اعلیٰ کے مطابق ہماری جماعت نے ماضی میں بھی بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کرکے سرخرو ہوکر اُبھری ہے لیکن یہ اُسی صورت میں ممکن ہوپایا جب ہماری جماعت کو عوام کا بے پناہ تعاون اور اشتراک حاصل تھا۔اُن کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس آج بھی عوام کے دلوں میں بستی ہے اور تینوں خطوں کے عوام ہماری جماعت کی پشت پر ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ حدبندی کمیشن کا کام مکمل طور پر بھاجپا کی ایما پر ہوا ہے اور کمیشن نے بھاجپا اور اس کے حامیوں کو فائدہ پہنچانے کیلئے قوائد و ضوابط کی دھجیاں اُڑائی ہیں۔انہوں نے کہاکہ حدبندی کمیشن کی رپورٹ یہاں کے عوام کو آپس میں لڑانے کی ایک مذموم سازش اور ہم پر ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم عوام کو حدبندی کمیشن کے پیچھے کے محرکات سے باخبر کرائیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے خواتین کو بااختیار بنانے اور آزادی کے لئے نیشنل کانفرنس کی طرف سے برسوں کے دوران کئے گئے اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان میں قائدانہ کردار کو فروغ دینے کے لئے ضروری ہے۔ڈاکٹر فاروق نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال کی وجہ سے جموں و کشمیر کی خواتین سب سے زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ماﺅں اور بہنوں کے ساتھ معاشرتی اور گھریلو سطح پر امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔اس سے قبل شرکاء نے اپنے اپنے علاقے کے لوگوں کے مسائل و مشکلات، غیر یقینی صورتحال اورحدبندی کمیشن کی رپورٹ سے متعلق لوگوں میں پائے جارہے غم و غصے اور تحفظات بھی بیان کئے۔شرکاءنے کہا کہ خطہ چناب اور پیرپنچال کے لوگ 5 اگست 2019 کے غیر آئینی اور غیر جمہوری فیصلوں اور اس کے بعد سے جاری عوام کُش اقدامات سے جہاں پہلے ہی مایوسی کا شکار تھے وہیں حدبندی کمیشن کی رپورٹ سے انہیں زبردست تشویش میں مبتلا کردیاہے۔