(نئی دہلی) حد بندی کمیشن جموں و کشمیر کے اراکین پارلیمنٹ کی طرف سے دی گئی تجاویز پر غور کرے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ آف انڈیا کی سابق جسٹس رنجنا ڈیسائی کی سربراہی میں کمیشن پانچ ممبران پارلیمنٹ ( جو پینل کے ایسوسی ایٹ ممبر ہیں)کی طرف سے دی گئی تجویز پر بحث کرے گا۔واضح رہے کہ کمیشن کو 6مئی تک اپنی رپورٹ پیش کرنی ہے۔حد بندی کمیشن، جموں و کشمیر کی تنظیم نو کے چھ ماہ بعد مارچ 2020میں قائم کیا گیا تھا، پارلیمانی اور اسمبلی حلقوں کی ازسرنو تشکیل کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔22فروری کو مرکز نے کمیشن کو دو ماہ کی توسیع دی تھی۔اس توسیع سے پہلے، پینل کو مارچ 2021میں ایک سال کی توسیع دی گئی تھی۔گزشتہ سال دسمبر میں، پینل نے جموں ڈویژن کے لیے چھ اور کشمیر ڈویژن کے لیے ایک نشست بڑھانے کی تجویز پیش کی تھی، اس کے علاوہ یونین کے زیر انتظام علاقے میں درج فہرست ذات (ایس سی) اور درج فہرست قبائل (ایس ٹی) برادریوں کے لیے 16 نشستیں ریزرو کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔پانچ ایسوسی ایٹ ممبران مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور جگل کشور شرما ہیں، دونوں جموں ڈویژن کے لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ اور ڈاکٹر فاروق عبداللہ، محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی، تینوں وادی کشمیر سے نیشنل کانفرنس کے ممبران پارلیمنٹ ہیں۔کمیشن کے دو دیگر سرکاری ارکان ہیں، جن میں چیف الیکشن کمشنر سشیل چندرا اور جموں و کشمیر کے ریاستی الیکشن کمشنر کے کے شرما شامل ہیں۔