(سرینگر) وادی کشمیر میں بھاری برف باری کے بعد گرچہ موسم میں بہتری واقع ہوئی ہے تاہم محکمہ موسمیات نے اگلے 48 گھنٹوں کے دوران برف وباراں کے ایک اور مرحلے کی پیش گوئی کر دی ہے۔ادھر کم روشنی کے باعث سرینگر ہوائی اڈے پر جمعرات کی صبح کئی پروازیں موخر کر دی گئیں جبکہ سرینگر – جموں قومی شاہراہ پر ٹریفک کی جزوی نقل و حمل بحال ہوئی ہے۔محکمہ موسمیات کے ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں جمعہ اور ہفتہ کو کہیں کہیں برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس کے بعد ماہ رواں کے آخر تک موسم خشک رہنے کی توقع ہے اور کسی بھاری برف باری کا کوئی امکان نہیں ہے۔کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے سے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے۔سرینگر جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 22.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت 0.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ گلمرگ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 7.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی5.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب بھی یی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔ پہلگام جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 16.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے، میں کم سے کم درجہ حرارت منفی0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ شب منفی0.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔دریں اثنا وادی میں جمعرات کے روز موسم مجموعی طور پر خشک مگر ابر آلود رہا۔ شہر و گام کی سڑکوں پر پانی جمع ہے جس سے راہگیروں کا چلنا پھرنا از بس محال ہو گیا ہے۔