(سرینگر) فوج کی پندرہویں کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) لیفٹیننٹ جنرل ڈی پی پانڈے کا کہنا ہے کہ ہائی برڈ جنگجوؤں کو بھیڑ بھاڑ والی جگہوں میں گرینیڈ داغنے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے کیونکہ جنگجو سیکورٹی فورسز پر بڑے حملے انجام دینے میں ناکام ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چنار کور کشمیری خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے کوشاں ہے۔موصوف جی او سی نے ان باتوں کا اظہار عالمی یوم خواتین کے موقع پر بادامی باغ میں منعقدہ ایک تقریب کے حاشئیے پر میڈیا نمائندوں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔لیفٹیننٹ جنرل نے مزید کہا کہ چنار کور ہمیشہ سے ہر حال میں کوشش کرتی ہے کہ کشمیری خواتین کو با اختیار بن جانے کا موقع ملے۔لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے پر عمل در آمد پر اتفاق ہونے کا ایک سال مکمل ہونے کے بارے پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں موصوف جی او سی نے کہا کہ ایل او سی پر اب لوگ معمول کی زندگی گذار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک سال سرحدی بستیوں کے لوگوں کے لئے ایک اچھا سال رہا اور اب بچے اسکول جا رہے ہیں اور لوگ اپنا کام کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کی زندگی اچھی ہوگئی ہے۔