(جموں) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا کہنا ہے کہ جموں وکشمیر میں دفعہ 370 تنسیخ کے بعد ملی ٹنسی پر فیصلہ کنٹرول حاصل کرنا ہماری سب سے بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے یونین ٹریٹری میں 33 ہزار کروڑ روپیوں کی سرمایہ کاری کو یقینی بنایا ہے اور یہاں جمہوریت کو بنیادی سطح تک پہنچایا گیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز جموں میں سی آر پی ایف کے 83 ویں یوم تاسیس کے موقعے پر اپنے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ’دفعہ370 کے خاتمے کے بعد ہماری سب سے بڑی کامیابی یہ تھی کہ آج ہمیں دہشت گردی پر فیصلہ کن کنٹرول حاصل ہے‘۔ امیت شاہ نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت نے یونین ٹریٹری میں 33 ہزار کروڑ رپیوں کی سرمایہ کاری کو بھی یقینی بنایا ہے۔انہوں نے کہا: ’جموں و کشمیرمیں آج جمہوریت پھل پھول رہی ہے کیونکہ ہر گاؤں میں پنچ اور سرپنچ ہیں‘۔ان کا کہنا تھا کہ یونین ٹریٹری میں قومی شہراؤں کا جال مزید پھیلایا جا رہا ہے اور جموں وکشمیر کی تعمیر ترقی کے لئے تمام تر جدید وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور تمام شعبوں میں ریکارڈ ساز کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔