(جموں) حد بندی کمیشن نے جموں و کشمیر پارلیمانی و اسمبلی حلقوں کی حد بندی سے متعلق تجاویز اور اعتراضات کے لیے پبلک میٹنگ کا اہتمام کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حد بندی کمیشن جموں صوبہ میں 4 آپریل سے جبکہ وادی کشمیر میں 5 آپریل میٹنگ منعقد کرے گئے۔حد بندی کمیشن کے سیکریٹری کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ کمیشن نے 14 مارچ 2022 کو مرکزی زیر انتظام جموں کشمیر کے پارلیمانی و اسمبلی حلقوں کی حد بندی سے متعلق مسودہ کے لیے 21 مارچ تک تجاویز اور اعتراضات طلب کی تھی،جس کے پیش نظر کمیشن کو 409 ایسی تجاویز اور اعتراضات موصول ہوئے جو زیر غور ہیں۔کمیشن کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ اب کمیشن نے جموں کشمیر میں سینٹرل و یوٹی گزیٹ میں مشتہر مسودہ تجاویز سے متعلق اعتراضات و تجاویز کے حصول کے لیے عوامی نشستوں کو منعقد کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔
کمیشن کے مطابق یہ عوامی نشستیں جموں کے کنوکیشن سینٹر نہرو روڑ میں کھٹوعہ، ادھمپور، ڈوڈہ، رامبن، کشتواڑ، راجوری، اور پونچھ کے علاوہ ریاسی سانبہ اور جموں اضلاع کے لیے 4 آپریل صبح 10 بجے سے 12 بجے اور 12 بجکر 30منٹ سے 2 بجکر 30 منٹ تک ہونگی، جبکہ وادی کشمیر میں 5 آپریل کو سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں ضلع سرینگر، بڈگام، اننت ناگ، کولگام، پلوامہ، گاندربل، بانڈی پورہ، کپواڑہ اور بارہمولہ کے لیے صبح 10 بجے سے 12 بجے اور 12 بجکر 30 منٹ سے 2 بجکر 30منٹ تک منعقد ہوں گئے۔