(سرینگر) مبینہ رشوت لینے کے الزام میں ہیڈ کانسٹبل کی معطلی کے بعد ضلع پولیس لائینز سے منسلک کئے گئے ایس ایچ او نشاط کو بھی تا حکم ثانی معطل کیا گیا اور دونوں کے خلاف تحقیقات کا حکم صادر کیا گیا ہے ۔ رشوت لینے کے الزام میں جموں کشمیر پولیس نے پولیس اسٹیشن نشاط میں تعینات ہیڈ کانسٹبل کو اتوار کے روز معطل کیا تھا جبکہ تھانے کے ایس ایچ او کو ضلع پولیس لائینز سرینگر کے ساتھ منسلک کیا تھا جس کے کچھ ہی گھنٹوں بعد ایس ایچ او کو بھی تا حکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے ۔ پولیس کے ایک سنیئر آفیسر نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ الزامات کی ابتدائی تحقیقات کو اب باقاعدہ محکمانہ انکوائری کا حکم دیا گیا ہے اور ان دونوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیڈ کانسٹیبل کو ابتدائی تحقیقات میں ملوث پایا گیا تھا لیکن ایس ایچ او کا کردار مشکوک پایا گیا تھا۔ اس لیے باقاعدہ محکمانہ انکوائری کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ باقاعدہ محکمانہ انکوائری سے چیزیں واضح ہو جائیں گی اور اس کے نتائج کی بنیاد پر مزید کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔پولیس آفیسر نے مزید کہا کہ کو کوئی بھی ملوث پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی ہو گی اور کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا ۔









