(پلوامہ) پولیس نے ضلع پلوامہ میں جنگجوؤں کے ایک ماڈیول کا پردہ فاش کرکے جیش محمد سے وابستہ تین جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پلوامہ پولیس نے فوج کی 55 آر آر اور سی آر پی ایف کی182/183 بٹالین کی ایک ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جیش محمد سے وابستہ تین جنگجو اعانت کاروں کو گرفتار کیا۔گرفتار شدگان کی شناخت اویس الطاف ولد الطاف حسین گنائی ساکن جندال، عاقب منظور ولد منظور احمد میر ساکن گڈورہ اور وسیم احمد پنڈت ولد غلام محمد پنڈت ساکن کریم آباد پلوامہ کے بطور کی گئی ہے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ گرفتار شدگان جیش محمد کے لئے کام کرتے تھے اور انہیں منطقی مدد کرنے کے علاوہ ان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ تک جانے کے لئے ٹرانسپورٹ کا بندوبست کرتے تھے۔موصوف ترجمان نے کہا کہ گرفتارشدگان کے انکشاف پر ایک اے کے47 رائفل، اس کے تین میگزین،69 گولیاں اور ایک گرینیڈ بر آمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن پلوامہ میں ایک کیس درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔