(اننت ناگ) پولیس نے ایک لاوارث کار سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ کار کا ڈرائیور گزشتہ رات اننت ناگ ضلع میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے قائم کی گئی ایک چوکی سے فرار ہو گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اننت ناگ پولیس کی ایک ٹیم رات کو محمود آباد ڈورو کے قریب ناکہ پر تھی۔ مخالف سمت سے آنے والی ایک گاڑی پولیس پارٹی کو دیکھ کر رک گئی۔ اس سے شک پیدا ہوا اور پولیس ٹیم نے کچھ راؤنڈ ہوائی فائرنگ کی۔ تاہم گاڑی کا ڈرائیور اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس ترجمان نے بتایا کہ نامعلوم شخص نے جس گاڑی کو چھوڑا اسے چیک کرنے پر ایک سرخ رنگ کا بیگ ملا۔ترجمان نے کہا کہ بیگ سے ایک اے کے 56، شارٹ بیرل، دو اے کے میگزین، 2 پستول، تین پستول میگزین، چھ ہینڈ گرنیڈ، اے کے 47 کے 44 راونڈ، 9 ایم ایم بارود کے 58 راؤنڈز اور ایک گولی برآمد ہوئی ہے۔اس سلسلے میں پولیس تھانہ ڈورو اننت ناگ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔فرار ہونے والے شخص کی تلاش کے لیے ناکے لگائے گئے ہیں اور چوکس کر دیا گیا ہے.