(کپواڑہ) کپواڑہ پولیس نے ضلع میں کراس ایل او سی اسمگلنگ اور اسلحہ اور گولہ بارود کی نقل و حمل میں ملوث تین بالائی ورکروں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق مخصوص معلومات کی بنیاد پرپولیس تھانہ کرناہ کی ٹیم نے علاقے کے مختلف علاقوں سے تینوں کو افراد کوگرفتار کیا، ان پر شبہ ے کہ یہ او جی ڈبلیو ماڈیول وادی میں سرگرم عسکری تنظیموں کے لیے کام کر رہا ہے اور وادی میں عسکری سرگرمیوں کو پھیلانے میں ملوث عسکریت پسندوں کو دستیاب کرانے کے لیے ایل او سی کے پار سے ہتھیاروں کی سمگلنگ میں ملوث ہے۔ تینوں کی شناخت محمد عامر ولد محمد شکور کالس، نثار احمد ولد منظور کالس ساکنہ ہجیترا کرناہ اور کفیل احمد ولد مرحوم عبدالرحمن بٹ ساکن سدھ پورہ کرناہ کے طور پر ہوئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں پوچھ گچھ کے دوران اُنہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اسلحہ کی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔ وادی میں سرگرم عسکریت پسندوں کو مزید ہتھیار دستیاب کرانے کے لیے ایل او سی کے پار سے گولہ بارود سمگل کرتے ہیں۔ ان کے اعترافی بیان پر اب تک ایک چینی پستول کے ساتھ ایک میگزین اور 14 زندہ کارتوس برآمد ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ایک ایف آئی آر نمبر 32/2022 سیکشن 7/25 آئی اے ایکٹ،زیرِ دفعہ 13،18،23،39 یو اے (پی) ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔