(پونچھ) نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے خطہ پیرپنچال کے دورے کے تیسرے روز مینڈھر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ نیشنل کانفرنس جموں وکشمیر کی پہنچان،وحدت اور انفرادیت کے ساتھ ساتھ یہاں کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کیلئے لڑتی رہے گی اور اُمید ظاہر کیاکہ ہمیں اس لڑائی میں ضروری کامیابی حاصل ہوگی۔عمر عبداللہ نے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ”نیشنل کانفرنس ایک جمہوری جماعت ہے، ہم جمہوریت میں یقین رکھتے ہیں، ہم کہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ جو ہواوہ غیر قانونی اور غیر آئین تھا، ہم اس بات میں یقین نہیں رکھتے کہ نوجوانوں کے ہاتھوں میں پتھر دیکر سڑکوں پر لڑیں، ہم سڑکوں پر نہیں بلکہ عدالت میں لڑیں گے۔اللہ کا شکر ہے کہ دیر آید درست آید سپریم کورٹ کے چیف جسٹس نے یہ تسلیم کیا ہے دفعہ370 کے معاملے پر سماعت شروع ہونی چاہئے۔