جموں// سری نگر جموں شاہراہ پر ناشری سے بانہال کے درمیان فور لین پروجیکٹ پر جاری کام کو اُس وقت روک دیا گیا جب مقامی لوگوں نے کنسٹرکشن کمپنی کے خلاف احتجاجی مظاہرئے کئے اور شاہراہ پر دھرنا دیا۔
مظاہرین کے مطابق نیشنل پروجیکٹ کے باوجود بھی کام سست روی کا شکار ہے جس وجہ سے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ اتوار کے روز سری نگر جموں شاہراہ پر کیفٹ ایریا موڑ کے نزدیک مقامی لوگوں نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور کنسٹریکشن کمپنی کے خلاف نعرے بازی کی۔
مظاہرین نے بتایا کہ سری نگر جموں شاہراہ پر فور لین پروجیکٹ جو ناشری سے بانہال کے درمیان ہے پر کام سست روی کا شکار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کنسٹریکشن کمپنی کو کئی بار احتیاطی تدابیر اپنانے پر زور دیا گیا لیکن مقامی لوگوں اور مزدوروں کی جانوں کو تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے کچھ بھی نہیں کیا جارہا ہے۔
اُن کے مطابق اتوار کے روز کمپنی کے ملازمین نے جونہی کام شروع کیا تو پہاڑی کا ایک حصہ ڈہہ گیا اور مزدور بال بال بچ گئے۔
انہوں نے کمپنی پر لیبر قوانین کی دھجیاں اُڑانے کا بھی الزام لگایا ہے۔
مظاہرین کے مطابق خونی نالہ کے نزدیک بڑا سانحہ پیش آنے کے باوجود بھی کنسٹریکشن کمپنی کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عملدآمد نہیں ہو رہا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل ہاوے اتھارٹی آف انڈیا پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ سری نگر جموں شاہراہ پر فورلین پروجیکٹ کے کام پر نظر گزر رکھے تاکہ مزدوروں اور اس شاہراہ پر سفر کرنے والوں کی جانوں کو تحفظ فراہم کیا جاسکے.