لداخ//لداخ یونین ٹریٹری کے ترٹک سیکٹر میں فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں سات فوجی جوان از جان جبکہ 19دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لداخ کے ترٹک سیکٹر میں جمعے کے روز فوجی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ابھی تک سات اہلکار جام شہادت نوش کر گئے جبکہ کئی ایک کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر جنگی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔
اُن کے مطابق حادثے میں زخمی ہوئے اہلکاروں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی خاطر ائر فورس کی خدمات بھی حاصل کی گئی ۔
دریں اثنا ذرائع نے بتا یا کہ 26 اہلکار وں پر مشتمل فوجی گاڑی پرتا پور سے سب سیکٹر حنیف کی طرف جارہی تھی کہ اس دوران گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر شیوک دریا میں جاگری جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار سبھی اہلکار زخمی ہوئے۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں زخمی ہوئے 26 اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی خاطر آرمی فیلڈ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سات اہلکار زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسے۔
دفاعی ذرائع نے بتایا کہ لہیہ سے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم کو فوری طورپر جائے وقوع کی اور روانہ کیا گیا جبکہ حادثے میں شدید طورپر زخمی ہوئے اہلکاروں کو ائر لفٹ کیا جارہا ہے ۔