سرینگر: جموں و کشمیر یوٹی کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ حالیہ ٹارگیٹ کلنگ کی جہاں کشمیر کے لوگوں نے مذمت کی ہے، وہیں سکیورٹی فورسز نے بھی ان ہلاکتوں کو انجام دینے والے عسکریت پسندوں کے خلاف لائحہ عمل تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ ایسے واقعات کی مذمت بھی کر رہے ہیں۔ مذہبی رہنماؤں نے بھی ان ہلاکتوں کی مذمت کی ہے۔
‘عسکریت پسندی آخری سانسیں لے رہی ہے’عسکریت پسندی پر انتظامیہ کی طرف سے ردعمل پر انہوں نے کہا کہ یہ (عسکریت پسندی) آخری سانسیں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا جب دیا بجھنے لگتا ہے تو اس کی آخری لو تیز ہوجاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسند کوشش کر رہے ہیں کہ پھر وہی دن آئیں، لیکن انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز پوری طاقت سے اپنی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں پاکستان کا نام نہ لیتے ہوئے اس کی طرف اشارہ کیا کہ کچھ عناصر اس پار بیٹھے ہیں جو کوشش کر رہے ہیں کہ وادی کشمیر میں غیر یقینی حالات پیدا کی جائے۔ ان کو یہ برداشت نہیں ہو رہا ہے کہ سیاحت اور اقتصادی صورتحال میں مثبت تبدیلی ہو رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عسکریت پسندوں کے خلاف "ہمارا لائحہ عمل کامیاب ہو جائے گا۔”