امت نیوز ڈیسک // راہُل گاندھی نے پیغمبر اسلام محمدﷺ کے بارے میں متنازع تبصرے پر خلیجی ممالک میں غم، غصے اور نارضگی کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی پر سخت تنقید کی۔ بی جے پی رہنما کی جانب سے اسلام اور حضرت محمد ﷺ کے بارے میں نازیبا تبصرہ کرنے کے معاملے میں ملک سمیت بیرون ملک بھی لوگوں کا غصہ دیکھا گیا اور خلیجی ممالک قطر، کویت اور ایران نے اپنے ممالک میں بھارت کے سفیروں کو طلب کیا جبکہ کئی ممالک میں سوشل میڈیا پر بھارتی مصنوعات کے بائیکاٹ کے مطالبات سامنے آئے۔
بی جے پی سے نکالی گئی ترجمان نُپور شرما کے ذریعہ اسلام اور پیغمبر اسلامﷺ کے بارے میں تضحیک آمیز تبصرے کے بعد بھارت کو خلیجی ممالک کے سفارتی غم و غصے کا سامنا ہے۔ اس معاملے میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے حکمراں جماعت پر حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ‘اس کے(بی جے پی کے) تعصب نے نہ صرف بھارت کو الگ تھلگ کردیا ہے بلکہ عالمی سطح پر ملک کی پوزیشن کو بھی نقصان پہنچا۔ ٹویٹر پر راہل گاندھی نے لکھا کہ ‘اندرونی طور پر منقسم بھارت بیرونی طور پر کمزور ہوتا جا رہا ہے۔ بی جے پی کے شرمناک متعصبانہ رویے نے نہ صرف ہمیں الگ تھلگ کردیا ہے بلکہ عالمی سطح پر بھارت کے موقف کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔