امت نیوز ڈیسک // گذشتہ 23 برسوں سے بھارتی کرکٹ ٹیم کا اہم حصہ رہنے والی تجربہ کار سابق کپتان متالی راج 39 برس کی عمر میں کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے ریٹائر ہوگئی ہیں۔ متالی راج نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ‘یہ ایک اعزاز کی بات ہے کہ میں نے اتنے برسوں تک ٹیم کی قیادت کی۔ اس بات نے یقینی طور پر مجھے ایک شخص کے طور پر تشکیل دیا اور امید ہے کہ بھارتی خواتین کی کرکٹ کو بھی تشکیل دینے میں مدد ملی۔
بھارتی خواتین ٹیم کی تجربہ کار کھلاڑی متالی راج نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لیتے ہوئے اپنے 23 سالہ بین الاقوامی کریئر کو الوداع کہا اور مداحوں کے لیے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا۔ بھارتی خواتین کرکٹ کی ریڑھ کی ہڈی کہلانے والی متالی راج نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لیا ہے۔ متالی گزشتہ 23 سال سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیل رہی تھیں۔ اب انہوں نے 39 سال کی عمر میں انٹرنیشنل کرکٹ کے تمام فارمیٹس کو الوداع کہہ دیا۔ متالی راج نے اپنے کرکٹ کرئیر میں مکمل طور پر راج کیا جو دو دہائیوں سے زیادہ تک جاری رہا۔ وہ بھارت میں خواتین کی کرکٹ کی پہچان ہیں۔ ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی ہیں جب کہ بطور کپتان سب سے زیادہ فتوحات بھی ان کے نام ہیں.
متالی راج اس وقت نہ صرف بھارت بلکہ دنیا کی بہترین خواتین کرکٹرز میں سے ایک رہی ہیں۔ یکروزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی ان کے پاس ہے، ساتھ ہی بھارت کی جانب سے طویل عرصے تک کپتانی کا ریکارڈ بھی متالی راج کے نام ہے۔ اگر ہم متالی راج کے کرکٹ کریئر کی بات کریں تو انہوں نے 232 یک روزہ میچوں میں 50.68 کے شاندار اوسط سے 7805 رنز بنائے ہیں۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی خاتون کرکٹر ہیں۔ ان کے نام 7 سنچریاں اور 64 نصف سنچریاں ہیں۔متالی نے اپنے 23 سالہ کریئر میں صرف 12 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، انہوں نے 43.68 کے اوسط سے 699 رنز بنائے جس میں ایک ڈبل سنچری (214 رنز) بھی شامل ہے۔ دوسری جانب اگر ہم انٹرنیشنل ٹی 20 کی بات کریں تو انہوں نے 89 میچوں میں 2364 رنز بنائے ہیں۔ متالی نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں 17 نصف سنچری اسکور کی ہیں۔ بطور کپتان سب سے زیادہ جیت کا ریکارڈ بھی متالی راج کے پاس ہے۔ انہوں نے 155 ون ڈے میچوں میں کپتانی کی جس میں انہوں نے 89 جیتے اور 63 ہارے ہیں۔ متالی دنیا کی واحد کپتان ہیں جنہوں نے 150 سے زیادہ یک روزہ میچوں میں کپتانی کی ہے۔








