امت نیوز ڈیسک // ناردرن کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دیویدی نے سرینگر میں فوج کی نئی اگنی پتھ اسکیم کے متعلق کہا کہ ’’اس اسکیم سے فوج کی سروس میں تبدیلی اور جدیدیت لانا مقصود ہے۔‘ انہوں نے سرینگر کے بادامی باغ کنٹونمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس اسکیم سے متعلق کہا کہ ’’اس اسکیم کا اصل مقصد امیدواروں کو فوج کے علاوہ آئی ٹی آئی اور دیگر ہنر سے لیس کرنا ہے۔‘‘
اگنی پتھ اسکیم سے شمالی علاقوں میں مزید استحکام آئے گا: ناردرن کمانڈرانہوں نے کہا کہ اس اسکیم میں مالی پکیج اور دیگر مراعات بھی وضع کی گئی ہیں جو امیدواروں کے لیے دستیاب ہوں گی۔ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دیویدی کا کہنا ہے کہ آنے والے وقت میں فوج میں بھرتی کے لئے سپاہیوں کی عمر کم سے کم پچیس برس ہوگی جس کے لئے اس اسکیم کو لاگو کرنا ضروری تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نئی اسکیم کے تحت 90روز کے بعد بھرتی ریلیاں شروع کی جائیں گی اور مستقل میں فوج میں بھرتی اسی اسکیم کے تحت ہو گی، البتہ فوج میں طبی شعبہ میں معمول کے مطابق بھرتیاں ہوں گی جس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔آرمی کمانڈر نے سوالات کے جواب میں کہا کہ ’’شمالی علاقوں خاص کر ہائی آلٹیچوڑ پر نوجوان فوجیوں کی زیادہ ضرورت ہے جس سے ان علاقوں میں مزید استحکام آئے گا۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ جموں وکشمیر میں فوج وقتاً فوقتاً بھرتیاں کرتی رہی ہے تاہم اس خطے میں اس اسکیم کے تحت مخصوص بھرتیاں کرنا حکومت کا فیصلہ ہوگا۔ کشمیر میں نوجوان اس اسکیم میں ٹریننگ حاصل کرنے کے بعد عسکریت پسندوں میں ان کے شامل ہونے کے خطرے کے متعلق انہوں نے کہا کہ ’’جب نوجوان کو صحیح تربیت فراہم ہوگی اور دیگر ریاستوں میں کام کرے گا تو اس کا نظریہ تبدیل ہوگا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ منگل کو مرکزی حکومت نے تینوں فوجوں میں نوجوانوں کی بھرتی کے عمل میں ایک بڑی تبدیلی کرتے ہوئے اگنی پتھ کی نئی اسکیم کے تحت صرف چار برسوں کے لیے اگنی ویروں کی بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی سیکورٹی امور کی کمیٹی میں لیا گیا جب اگنی پتھ اسکیم کو منظوری دی گئی۔اسکیم کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ہوئے مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے منگل کو کہا تھا کہ ’’اس کا مقصد افواج کو فٹ، جوان اور جوش و جذبے سے مالا مال کرنا ہے۔ اس سے ملک کی سلامتی کا نظام مضبوط ہونے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو ملک کی خدمت کا موقع ملے گا اور ان میں حب الوطنی کا جذبہ بھی پیدا ہوگا۔‘‘
مزید پڑھیں: کمانڈر لیفٹینینٹ جنرل نے مختلف علاقوں کا جائزہ لیا
سنگھ نے مزید کہا تھا کہ اس اسکیم سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے اور چار سال بعد جب یہ نوجوان فوج سے باہر آئیں گے تو ملک کو مختلف ہنر سے لیس نوجوان کی افرادی قوت بھی ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان نوجوانوں کو فوج سے نکلنے کے بعد اچھی تنخواہ اور اچھی سروس فنڈ پیکج دیا جائے گا۔ اگر کسی بھی اگنی ویر کی فوج میں خدمات انجام دیتے ہوئے موت واقع ہو جاتی ہے تو اس کے اہل خانہ کو انشورنس کی صورت میں کافی رقم دی جائے گی۔