سرینگر: جمعرات کو ڈل جھیل میں ایک ہاؤس بوٹ الٹنے کے بعد اس میں موجود سات سیاح اور دو کنبے معجزانہ طور پر بچ نکلنے میں کامیاب ہوئے۔
ہاؤس بوٹ مالک نے بتایا کہ ہاؤس بوٹ آہستہ آہستہ ڈوبنے لگا تو انہوں نے فوری طور ہاؤس بوٹ میں مقیم سات سیاحوں کو باہر نکال کر محفوظ مقام منتقل کر دیا۔ سیاحوں کے علاوہ ہاؤس بوٹ میں دو کنبے بھی رہائش پذیر تھے۔
ہاؤس بوٹ کے مالک محمد یوسف نے اس سانحہ پر انتظامیہ کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہاؤس بوٹ گزشتہ کئی برسوں سے خستہ حالی کا شکار تھا جس کی مرمت کے حوالے سے انہوں نے انتظامیہ سے کئی بار درخواست کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکام کی جانب سے انہیں ہاؤس بوٹ کی مرمت کی اجازت نہ دئے جانے کے سبب ان کا ہاؤس بوٹ ہی ڈوب گیا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگر وقت پر انتظامیہ نے انہیں ہاؤس بوٹ کی مرمت کی اجازت دی ہوتی تو آج یہ سانحہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاؤس بوٹ ڈوبنے سے نہ صرف دو کنبے بے گھر ہو گئے بلکہ انکی کمائی کا واحد ذریعہ بھی معدوم ہو گیا۔ متاثرین نے انتظامیہ سے بازآبادکاری اور فوری امداد کا مطالبہ کیا ہے








