جموں//ڈوڈہ ضلع میں دو اوور گراؤنڈ ورکرز (او جی ڈبلیو) کے خلاف پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ان کی تخریبی سرگرمیوں کے لیے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایک بیان کے مطابق، پولیس کی تفتیش کی بنیاد پر دو او جی ڈبلیوز :ثاقب حسین میر ولد محب حسین میر تحصیل چرالہ اور عادل اقبال بٹ ولد محمد اقبال بٹ تحصیل بھاگوا ،ڈوڈہ کے علاقے میں عسکریت پسندی کی بحالی کے لیے ٹھاٹھری کے داؤد بٹ عرف خبیب سوم نامی ایک مقامی عسکریت پسند کی ہدایات کے مطابق عسکریت پسند ماڈیول چلاتے ہوئے پائے گئے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اقبال، دوسروں کے علاوہ، نوے کی دہائی کے اوائل میں عسکریت پسندی میں شامل ہوا اور اسلحہ کی تربیت حاصل کرنے کے لیے سرحد پار کر گیا اور اس وقت پاکستان سے کام کر رہاہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ثاقب پاکستان میں مقیم مقامی عسکریت پسند محمد امین کے کہنے پر نوجوانوں کو مسلسل عسکریت پسندی میں شامل ہونے پر اکسا رہا تھا.