سری نگر//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو جموں وکشمیر پولیس کے سب انسپکٹروں کی حالیہ بھرتی کو منسوخ کر دیا اور سی بی آئی جانچ کی سفارش بھی کی ہے۔
ایک ٹویٹ میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا، ” سب انسپکٹر کی بھرتی کو منسوخ کر دیا گیا ہے اور انتخاب کے عمل میں سی بی آئی جانچ کی سفارش کی گئی ہے، ملوثین کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ یہ پہلا بڑا قدم ہے۔ ہمارے نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اور حکومت جلد ہی نئی بھرتی کے لیے مستقبل کے لائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی”۔
واضح رہے کہ کچھ امیدواروں نے جموں وکشمیر پولیس بھرتی کے امتحان کو ‘دھوکہ دہی’ اور ‘غیر منصفانہ’ قرار دیا تھا۔
اس کے بعد جموں وکشمیر انتظامیہ نے 4 جون کو سامنے آئے سب انسپکٹر یا جے کے ایس ایس بی ایس آئی کے نتائج 2022 میں دھوکہ دہی کے الزامات کی جانچ کا حکم دیا گیا اور ایڈیشنل چیف سکریٹری، محکمہ داخلہ، آر کے گوئل کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔