امت نیوز ڈیسک // سرینگر کے لال بازار علاقہ میں مشتبہ عسکریت پسندوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی ہے جس میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر فاروق احمد ہلاک ہوا جبکہ ایک سلیکشن گریڈ کانسٹبل سمیت دو اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کی ہے۔
یہ واقعہ ساڑھے سات بجے کو قریب ایک نجی اسکول کے نزدیک پیش آیا جب نامعلوم عسکریت پسندوں نے پولیس کی ایک پارٹی پر اندھادھند گولیاں چلائیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ میں پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر فاروق احمد کی موت واقع ہوئی ہے۔ان کے ساتھ دو مزید اہلکار بھی فائرنگ کی زد میں آگئے جن میں ایک سلیکشن گریڈ کانسٹبل ہے۔ یہ دونوں اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور انہیں علاج کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ صورہ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ فائرنگ کی جگہ سے چار کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پورے کشمیر میں عید کی گہما گہمی جاری ہے۔ عید کے بعد سرینگر شہر میں یہ تشدد کا پہلا واقعہ ہے۔پولیس کے ایک ترجمان نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ عسکریت پسندوں نے پولیس کی ناکہ پارٹی پر حملہ کیا جس میں تین اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔
پولیس نے ابھی اے ایس آئی کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تینوں اہلکاروں کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا جاچکا ہے۔