سرینگر// جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے وزیر اعظم ہند کے اُس بیان کو حوصلہ افزاءقرار دیا جس میں موصوف نے کہا ہے کہ بھارت کے عوام کو یکساں جمہوری حقوق حاصل ہیں.
لیکن اس بات پر تشویش کا اظہار کیاہے کہ وزیرا عظم شائد جمو ں وکشمیر کے زمینی حقائق سے بے خبر ہیں، نہیں تو موصوف اس بات کا دعویٰ نہیں کرتے کہ کشمیر، لداخ ، جموں سے لیکر کنیاکماری تک لوگوں کو جمہوریت پر بھروسہ ہے۔
پارٹی کے اراکین پارلیمان ایڈوکیٹ محمد اکبر لون اور جسٹس (ر) حسنین مسعودی نے وزیر اعظم کے حالیہ بیان پر اپنا مشترکہ ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر میں جون 2018 میں جمہوریت کا قلع قمع کرکے گورنر رول مسلط کیا گیا اور گذشتہ4سال سے یہاں جمہوریت کا کوئی نام و نشان نہیں۔
انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019کے غیر آئینی ،یکطرفہ اور غیر جمہوری فیصلے وزیر اعظم کے دعوﺅں کی نفی کرتے ہیں۔