پلوامہ: جموں کشمیر اپنی پارٹی کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے بیگ پورہ، اونتی پورہ میں پارٹی ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں پارٹی لیڈران کے علاوہ بیگ پورہ سمیت ملحقہ علاقوں سے آئے پارٹی کارکنان و حمایتیوں نے شرکت کی۔ پارٹی سربراہ سید الطاف بخاری سمیت سینئر لیڈر غلام حسن میر، رفیع احمد میر، محمد اشرف میر، ضلع صدر پلوامہ غلام محمد میر، سمیت دیگر لیڈران و کارکنان نے اجتماع سے خطاب کیا۔
’سیاست دانوں نے کشمیر کو قبرستان کے سوا کچھ نہیں دیا‘اپنی پارٹی کے سربراہ اور سابق وزیر سید الطاف بخاری نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جموں و کشمیر اپنی پارٹی کو انہوں نے اس لئے وجود میں لایا ہے کیونکہ ’’سبھی پارٹیوں نے جموں کشمیر کے لوگوں کو جھوٹے وعدے دے کر انہیں اپنے حقیر مفاد کے لئے استعمال کیا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ انکی پارٹی کا جموں کشمیر کے لوگوں کی بہبودی کے لئے کام کرنا ہی اصل اور بنیادی مقصد ہے۔الطاف بخاری نے سابق حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’جموں و کشمیر کی سیاسی پارٹیوں نے آج تک لوگوں خاص کو نوجوانوں کو قبرستان کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انکے دور میں یہاں کے قبرستان بھر گئے۔‘‘
الطاف بخاری نے مزید کہا کہ ’’سیاست دانوں کی غلط پالیسیوں اور ذاتی مفادات کی وجہ سے یہاں کے لوگ اپنے حقوق سے محروم رہے، اور نوجوان غلط راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہو گئے اور نوجوانی کی دہلیز پر قدم رکھنے قبل ہی قبرستان پہنچ گئے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کے بر عکس جموں کشمیر کے نوجوانوں کو تحفظ فراہم کرنا، ان کے لئے روزگار کے مختلف وسائل پیدا کرنا اور جموں کشمیر کو ترقی کی راہ پر لے جانا ہی اُن کے جماعت کی ترجیحی بنیادوں میں شامل ہے۔(ای ٹی وی بھارت)








