رام بن// جموں سرینگر قومی شاہراہ پر رام بن بانہال کے درمیان آج صبح سے جاری بارشوں کے دوران کئی مقامات پر پسیاں اور پتھر گرآنے سے شاہراہ گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہے وہیں تاریخی مغل شاہراہ کو احتیاطی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔
ٹریفک حکام نے آج بتایا، “جموں سرینگر قومی شاہراہ پر میہاڑ، کیفٹیریا موڑ اور پنتھیال میں پسیاں اور پتھر گرآنے کی وجہ سے شاہراہ پر آمد و رفت مکمل طور بند ہو گئی ہے، 1602 یاتریوں پر مشتمل یاترا ایک جتھا بھی چندرکوٹ یاترا نواس میں روک دیا گیا ہے”۔
اُنہوں نے بتایا کہ خراب موسمی صورتحال اور پسیاں گرآنے کے خطرے کے پیشِ نظر تاریخی مغل شاہراہ کو احتیاطی طور پر گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیا گیا ہے، وہیں جموں پونچھ شاہراہ پر کلائی کے مقام پرپسی گرآنے کے بعد شاہراہ فی الحام آمد ورفت کیلئے بند کر دی گئی ہے۔
ٹریفک حکام نے مزید کہا،” موسم میں بہتری اور شاہراہوں پر آئی تمام رکاوٹیں ہٹائے جانے کے بعد شاہراہ کو ٹریفک آمد ورفت کیلئے کھول دیا جائے گا”۔
اُنہوں نے بتایا کہ جموں سرینگر شاہراہ پر بڑے پیمانے پر بحالی کا کام جاری ہے، تاہم خراب موسمی صورتحال، بارشوں کی وجہ اس کام میں کافی دیر لگ سکتی۔
اُنہوں نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ ٹی سی یو جموں، بانہال اور اودھم پور سے رابطہ کیے بنا، شاہراہ پر سفر کرنے سے گریز کریں۔









