امت نیوز ڈیسک //
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ موسمی ایڈ وائزری کے پیش نظر امرناتھ کا درشن کرنے والے یاتریوں سے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے پانچ اگست سے درشن مکمل کرنے کی تاکید کی ہے،آج شام سرینگر کے مائسمہ علاقے میں چھڑی مبارک پوجا میں شرکت کے بعد میڈیا کے نما ئندوں سے بات کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے 5اگست کے بعد وادی کشمیر خاص طور پر امرناتھ گھپا کے نزدیک خراب موسمی صورتحال کی پیش گوئی کی ہے، اس کے پیش نظر میں تمام یاتریوں سے تاکید کرتا ہوں کہ وہ گھپا کا درشن 5اگست سے پہلے مکمل کریں،انہوں نے کہا کہ تین لاکھ سے زائد یاتریوں نے ابھی تک شیولنگ کا درشن کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یاتری 11اگست تک درشن کیلئے جا سکتے ہیں، تاہم محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری کے پیش نظر میں تمام یاتریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پانچ اگست سے قبل درشن مکمل کرلیں،انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی دنوں سے گھپا کے اطراف و اکناف میں شدید بارش ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرمی کی لہر کی وجہ سے شیو لنگم بھی اپنی اصل حالت میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ 43 دنوں پر محیط امرناتھ یاترا 11 اگست کو اختتام ہونے جارہی ہے۔ ناسازگار موسم کے سبب یاترا کو متعدد دفعہ معطل کیا گیا ہے، جبکہ بالتل میں گھپا کے نزدیک بادل پھٹنے سے 15 یاتریوں کی موت بھی ہبوئی تھی، جبکہ 55 زخمی ہوئے تھے۔
یاترا کی شروعات سے قبل انتظامیہ نے کہا تھا کہ اس بار 6 سے 8 لاکھ یاتری درشن کے لئے آئیں گے لیکن بارش کے سبب یاتریوں کی آمد کم ہوئی، وہیں شدید گرمی سے شیو لنگم قبل از وقت ہی پگھل چکا ہے جس سے بھی یاتریوں کی آمد میں کمی ہوئی۔