امت نیوز ڈیسک ///
سرینگر: لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ نے یو ٹی کے سبھی انڈر سیکریٹری اور سے اعلیٰ پوسٹ کے افسران کو 15اگست یوم آزادی کے موقع پر جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں میں منعقد کی جا رہی تقاریب میں شرکت کو لازمی قرار دیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس میں افسران سے تقریب سے غیر حاضری کے لئے اعلیٰ افسر سے باضابطہ اجازت نامہ حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری سرکیولر میں کہا گیا ہے: ’’یوم آزادی قومی اور انتہائی اہم تقریب ہے جسے ہر برس 15اگست کو منایا جاتا ہے۔ سبھی گورنمنٹ ملازمین کے لئے قوم کے اس تاریخی دن کو یاد کرنے کے لیے تقریب میں شرکت ناگزیر ہے۔‘‘ حکمنامے میں مزید کہا گیا ہے کہ انڈر سیکریٹریز پوسٹ سے اعلیٰ رینک کے افسران سے اپنی آفیشل ڈیوٹی کے طور پر سرینگر کے کرکٹ اسٹیڈیم سونہ وار اور جموں میں مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں یوم آزادی کی تقریب میں شرکت لازمی ہے۔








