سری نگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا کہنا ہے کہ غلام نبی آزاد کانگریس کا ایک اہم ستون تھا ۔
انہوں نے کہاکہ مجھے کافی افسوس ہے کہ غلام نبی آزاد نے اتنا بڑا فیصلہ لیا ۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ غلام نبی آزاد نے ساری زندگی انڈین نیشنل کانگریس کو دی اور یہ کہ کالج کے دنوں سے وہ اس پارٹی کے ساتھ جڑے رہے ۔
اُن کے مطابق غلام نبی آزاد کانگریس میں سب سے اونچے قدر کے لیڈر تھے اور اُن کا کانگریس کو خیر باد کہنا پارٹی کے لئے بہت بڑا جھٹکا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کا مزید کہنا تھا کہ غلام نبی آزاد نے اندرا گاندھی کے وقت سے کانگریس میں کام کیا اور بڑے عہدوں پر وہ فائز رہے ۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ غلام نبی آزاد کا کانگریس چھوڑنا اچھا فیصلہ نہیں کیونکہ کانگریس اس وقت مشکل دور سے گزر رہی ہے ۔
مسٹر عبداللہ نے کہاکہ اگر کانگریس ملک میں مضبوط ہوتی اس دوران غلام نبی آزاد پارٹی کو خیر باد کہتے تو اس سے کوئی اثر نہیں پڑتا لیکن موجودہ حالات میں غلام نبی آزاد کا اتنا بڑا فیصلہ لینا کانگریس کے لئے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔