سری نگر//جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے جمعہ کو اننت ناگ اور بارہمولہ ضلع میں این آئی اے کی خصوصی عدالتوں کو ترجیحی بنیادوں پر مقدمات کو تیز کرنے اور نمٹانے کی ہدایت دی ہے۔
عدالت نے تمام سول، سیشن ٹرائل کے مقدمات ،عصمت دری کے مقدمات کے علاوہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے مقدمات کو نامزد این آئی اے عدالتوں سے دوسری عدالتوں میں منتقل کر دیا ہے تاکہ این آئی اے کے مقدمات کی سماعت میں تیزی لائی جا سکے۔
جموں و کشمیر ہائی کورٹ کے رجسٹرار جنرل سنجیو گپتا کے ذریعہ جاری کردہ ایک حکم میں کہا گیا ہے،”این آئی اے عدالتوں کے دباؤ کو کم کرنے کے لئے، چیف جسٹس نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اننت ناگ کی عدالت میں زیر التوا سول، سیشن ٹرائل کے مقدمات (عصمت دری کے مقدمات کو چھوڑ کر) اور این ڈی پی ایس کے مقدمات کو پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، اننت ناگ کی عدالت میں قانون کے مطابق تصرف کرنے کے لیے منتقل کیا ہے”۔
اسی طرح، سیشن ٹرائل کے مقدمات، این ڈی پی ایس اور سول مقدمات کو ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج (این آئی اے اسپیشل کورٹ)، بارہمولہ کی عدالت سے پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، بارہمولہ کی عدالت میں قانون کے مطابق نمٹانے کے لیے منتقل کیاگیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اننت ناگ اور بارہمولہ میں این آئی اے کی خصوصی عدالتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر جلد نمٹائیں۔