سری نگر//کانگریس سے مستعفی ہونے والے سابق ممبران اسمبلی اور سینئر لیڈران نے 28 اگست یعنی اتوار کے روز جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ 4 ستمبر کے پروگرام کو کامیاب بنانے کی خاطر جموں میں سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔
بتادیں کہ غلام نبی آزاد 4ستمبر کو جموں پہنچ رہے ہیں جس دوران وہ اپنی نئی پارٹیاں کا اعلان کریں گے۔
یو این آئی اردو کو ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کانگریس سے مستعفی ہوئے سابق ممبران اسمبلی اور لیڈران کی 28 اگست کو جموں میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہونے جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چونکہ غلام نبی آزاد 4 ستمبر کو جموں پہنچ رہے ہیں جس کے پیش نظر لیڈران نے تیاریاں شروع کیں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ممبر اسمبلی غلام محمد سروری اور چودھری محمد اکرم کی سربراہی میں جموں میں اتوار کے روز صبح گیارہ بجے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہو رہی ہے جس میں غلام نبی آزاد کے جموں دورے کو حتمی شکیل دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی پارٹی کو تشکیل دینے سے قبل غلام نبی آزاد کے قریبی ساتھی جموں میں ایک بڑی ریلی کا اہتمام کرنے جارہے ہیں جس میں لوگوں کی شرکت کویقینی بنانے کی خاطر تمام تر انتظامات کئے جارہے ہیں۔
غلام نبی آزاد کے ایک قریبی ساتھی نے بتایاکہ چار ستمبر کے روز آزاد صاحب جموں دورے پر آرہے ہیں جس دوران وہ اپنی نئی پارٹی کا بھی اعلان کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آزاد صاحب کے دورے سے قبل اتوار کے روز جموں میں ہم خیال لیڈروں کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت ہوگی ۔
اُن کے مطابق کئی سیاسی پارٹیوں کے لیڈران اور سابق ممبران اسمبلی بھی غلام نبی آزاد کی پارٹی میں شامل ہونے جارہے ہیں اور اس ضمن میں رابطوں کا سلسلہ تیز کیا گیا ہے۔