نوئیڈا: نوئیڈا کے سیکٹر 93 اے میں واقع ٹوین ٹاورز کو آج دوپہر 2.30 بجے منہدم کر دیا گیا۔ پلک جھپکتے ہی 3700 کلو بارود نے ان عمارتوں کو مسمار کر دیا۔ اس کے لیے عمارتوں میں 9640 سوراخ کر کے اس میں بارود کو بھرا گیا تھا۔ سُپرٹیک ٹوئن ٹاورز کو منہدم کرنے کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 17.55 کروڑ روپے ہے۔ ٹاورز کو گِرانے کا یہ خرچ بھی بلڈر کمپنی سُپرٹیک برداشت کرے گی۔ ان دونوں ٹاورز میں کُل 950 فلیٹ بنائے گئے تھے اور سُپر ٹیک نے انہیں بنانے کے لیے 200 سے 300 کروڑ روپے خرچ کیے تھے۔
ملبے کو کنٹرول کرنے کے لیے عمارت کو ایک خاص کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔ اس تعلق سے پولیس انتظامیہ نے بتایا کہ ‘ہم ہیلپ لائن نمبر کے ذریعے لوگوں کو آگاہ کر رہے ہیں۔ گوگل میپس کو بھی اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ایمرالڈ کورٹ اور اے ٹی ایس ولیج سوسائٹی کے مکینوں کا انخلاء صبح 7 بجے تک مکمل ہونا تھا لیکن اس میں کچھ زیادہ وقت لگ گیا۔ معلومات کے مطابق ٹوین ٹاور کو جیو ٹیکسٹائل کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ کپڑا دھماکے کے دوران ملبہ کو ادھر ادھر پھیلنے سے روکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گیس پائپ لائن کی حفاظت کے لیے اسٹیل پلیٹ بھی بچھائی گئی ہے۔