بانہال // ضلع رام بن کی سب ڈویژن بانہال کے ایک شہری پر بپلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) عائد کر کے اسے کوٹ بلوال جیل جموں منتقل کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ملزم کی شناخت محمد امین وانی عمر 42سال ولد محمد صابر وانی ساکنہ بنکوٹ بانہال کے طور کی گئی ہے ۔
ضلع مجسٹریٹ رام بن کی طرف سے ملزم محمد امین وانی کو مخاطب کرتے ہوئے حکم دیا گیا ہے ،” آپ کو اس دفتر کے حکم نمبر 19/2022،پی ایس اے، مورخہ 25اگست 2022کے ذریعے، کوٹ بلوال جیل جموں میں نظر بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ یہ کاروائی آپ کی ان سرگرمیوں کیلئے کی گئی ہے ،جو امن عامہ کی بحالی کیلئے نقصان دہ ہیں”۔
حکم میں کہا گیا ہے ،” اب پبلک سیفٹی ایکٹ 1978کے سیکشن 13(1) کے مطابق اگر آپ چاہیں تو آپ مذکورہ حکم کے خلاف حکومت کے سامنے اپنی نمائندگی پیش کر سکتے ہیں۔ حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ ایس ایس پی رام بن اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ بلوال جیل جموں کے ذریعے آپ کو نظر بندی کی بنیاد کے بارے میں مطلع کیا گیا ہے”۔
پی ایس کے تحت نظر بند کئے گئے محمد امین وانی کی اہلیہ نورین بیگم کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہے اور اس کا کسی ملک دشمن سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اسے 03اگست کو بانہال پولیس نے ان کے گاؤں بنکوٹ سے اٹھا کر پولیس تھانہ بانہال میں حراست میں لیا گیا تھا جہاں سے اسے رام بن منتقل کیا گیا تھا اور بعد ازاں 25اگست کو کوٹ بلوال جیل جموں بھیج دیا گیا ہے ۔
انہوں نے ضلع مجسٹریٹ رام بن اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے معاملے کی تحقیقات کرنے اور اسے رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد امین اپنے کنبے ، جس میں اس کی اہلیہ اور پانچ سال کا کم عمر بیٹا اور بیٹی شامل ہیں،کا واحد کمانے والا ہے۔ انہوں نے حکومت سے ان کی رہائی کی اپیل کی ہے کیونکہ وہ محنت ومشقت کرکے اپنے گھر کو چلاتے تھے اور ان کا کسی ملک دشمن سرگرمی میں کسی قسم کا کوئی ہاتھ نہیں ہے۔
سینئر سپر انٹنڈٹ آف پولیس رام بن موہتا شرما نے محمد امین وانی کو پی ایس اے کے تحت حراست میں لینے کی تصدیق کی لیکن انہوں نے مزید تفصیلات دینے سے انکار کیا کہ اس شہری کو کس جرم میں پی ایس اے کے تحت نظر بند کیا گیا ہے۔
اس دوران پولیس نے اس کیس سے متعلقہ تفصیلات میں لکھا ہے کہ محمد امین وانی 2002میں پاکستان اور افغانستان سے تربیت یافتہ تھا اور 2007سے 2014تک تہاڑ جیل میں بند رہا ۔ پولیس نے کہا ہے کہ وہ جنگجووں کا بالائی ورکر ہے اور اس کی ملک اور سماج دشمن سرگرمیاں امن و امان خاص کر بانہال کیلئے خطرہ ہیں۔