سرینگر: جموں وکشمیر میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو مزید متحرک اورفعال بنانے کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کا2روزہ دورہ جموں وکشمیر ماہ ستمبر کے آخرتک متوقع ہے۔
امیت شاہ دورے کے دوران جموںمیں 2جبکہ کشمیر میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اپنے2روزہ دورے کے دوران مرکزی وزیر داخلہ جموں وکشمیرکی سلامتی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ یہاں جاری مرکزی اسکیموں اور مختلف ترقیاتی کاموں کی عمل آوری، نیز پیش رفت کے بارے میں بھی جانکاری حاصل کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ستمبر کے آخر تک دو دن کیلئے جموں و کشمیر کا دورہ کریں گے اور وہ یہاں اپنے قیام کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے تین ریلیوں سے خطاب کریں گے جن میں جموں ڈویژن میں2 اور وادی کشمیر میں ایک ریلی شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے اس دورے کے لئے اپنی رضامندی ظاہر کی ہے اور دورے کے پروگرام کا تعین بی جے پی کی جے اینڈ کے یونٹ اور امیت شاہ کے دفتر کے باہمی اشتراک سے کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ تاریخوں کا جلد اعلان کیا جائے گا۔
جموں وکشمیر میں قیام کے دوران مرکزی وزیر داخلہ جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے سینئر لیڈران کیساتھ بھی ملاقات کریں گے جن میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور و خوض ہونے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ سرگرمیاں وزیر داخلہ کے سرکاری شیڈول کے علاوہ ہوں گی جس میں یونیفائیڈ کمانڈ سمیت سیکورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام کیساتھ سیکورٹی جائزہ ملاقاتیں اور بعض سرحدی علاقوں کا دورہ شامل ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا اس سال جموں و کشمیر کا یہ دوسرا دورہ ہوگا۔ انہوں نے 18 اور 19 مارچ کو یونین ٹیریٹری کا دورہ کیا تھا جس دوران انہوں نے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے یوم تاسیس میں شرکت کی تھی۔ انہوں نے گزشتہ سال 23 سے 26 اکتوبر تک جموں و کشمیر کا 4 روزہ دورہ کیا تھا، جو 5 اگست2019 – سابق ریاست جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی – کے بعد یونین ٹیریٹری کا ان کا پہلا دورہ تھا۔