سرینگر/// جموں وکشمیر کے بھاجپا لیڈر غلا م علی کھٹانہ کو راجیہ سبھا کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔بھاجپا لیڈر نے کہا کہ یہ پورے جموں وکشمیر کے عوام کی جیت ہے اور میں وزیر اعظم مودی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے مزید کہاکہ وزیر اعظم مودی نے جو وعدہ کیا تھا اُس کو کرکے بھی دکھایا، یہ صرف گوجر برادری کی فتح نہیں بلکہ جموں وکشمیر کے تمام لوگوں کی فتح ہے۔بتادیں کہ صدر دروپدی مرمو نے مرکزی حکومت کی سفارش پر غلام علی کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا کے لئے نامزد کیا ہے۔مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے حکم نامہ میں کہا گیا کہ آئین ہند کی دفعہ 80 کی شق 1 کی ذیلی شق a کے ذریعے عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صدر ہند نے غلام علی کو کونسل ممبر کے طور نامزد کیا ہے۔واضح رہے کہ غلام علی جموں کے بھٹنڈی علاقے کے ساکن ہے او ر انہوں نے بی جے پی آئی ٹی سیل کے ساتھ ساتھ ترجمان کے بطور بھی کام کیا۔گوجر بی جے پی لیڈر غلام علی کھٹانہ پیشے سے انجینئر ہیں اور تقریباً چودہ سال سے وہ بھارتیہ جنتاپارٹی کے ساتھ وابستہ ہیں۔









