سری نگر، 12)پی ایچ ای ڈیلی ویجروں نے اپنی مانگوں کو لے کر سری نگر اور جموں میں احتجاجی مظاہرئے کئے۔
مظاہرین نے سرکار کو متنبہ کیا ہے کہ رواں ماہ کی تیرہ تاریخ تک ملازمین کی تنخواہیں واگزار کی جائیں بصورت دیگر 14ستمبر سے تالہ بند ہڑتال ہوگی ۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ یقین دہانیوں کے باوجود بھی ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل نہیں کی جارہی ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا کہ سری نگر کی پریس کالونی میں پیر کے روز پی ایچ ای ڈیلی ویجروں نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی۔
نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ڈیلی ویجر یونین کے صدر نے کہا کہ پی ایچ ای ملازمین کی تنخواہیں پچھلے چھ ماہ سے بند پڑی ہوئی ہے جس وجہ سے فاقہ کشی پر نوبت پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ایچ ای ڈیلی ویجر کسمپرسی کی حالت میں ہے لیکن انتظامیہ کی جانب سے تنخواہوں کی واگزاری کے حوالے سے کچھ نہیں کیا جارہا ہے ۔
اُن کے مطابق 13ستمبر کی شام تک اگر پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کی تنخواہیں واگزار نہیں کی جاتی تو 14ستمبر سے پوری وادی میں تالہ بند ہڑتال ہوگی ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہم ٹکراو کا راستہ نہیں چاہتے لیکن اگر سرکار کی جانب سے اُن کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا تو وہ سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہو جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سرکار نے ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن کئی ماہ گزر جانے کے باوجود بھی اس پر عملدآمد نہیں ہوا۔
موصوف صدر نے بتایا کہ ہم پُر امن طریقے سے سبھی مسائل کا حل چاہتے ہیں لیکن ملازمین کے جائز مسائل کو حل کرنے کی اور کوئی توجہ مبذول نہیں کی جارہی ہیں۔
اس احتجاجی پروگرام میں کئی دیگر محکمہ جات کے ڈیلی ویجروں نے بھی حصہ لیا۔
دریں اثنا جموں میں بھی پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کی ایک بڑی تعداد نے احتجاجی مظاہرئے کئے اور دھرنا دیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ سرکار نے پی ایچ ای ملازمین کی نوکریاں مستقل کرنے کی یقین دہانی دی تھی لیکن آج تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ ملک کی دیگر ریاستوں میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کی ہر ماہ تنخواہیں واگزار کی جاتی ہیں لیکن جموں وکشمیر میں اس قانون پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہاکہ جب تک سرکار پی ایچ ای ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے کا فیصلہ نہیں لیتی ہماری پُر امن جدوجہد جاری رہیں گی۔