امت نیوز ڈیسک //
بڈگام:وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام میں جموں و کشمیر پولیس نے دو کم عمر لڑکوں کو مبینہ طور مشکوک حالات میں گھومتے دیکھ ان کی کائونسلنگ کے بعد انہیں والدین کے سپرد کر دیا گیا۔ بڈگام پولیس کے مطابق دونوں نابالغ بچے بس اسٹینڈ بڈگام میں ٹی آر سی سرینگر کے لیے ایک گاڑی کرایہ پر لینے کی کوشش کر رہے تھے۔
بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ ’’ان دونوں نابالغ بچوں کی حرکات کا مشاہدہ کرنے کے بعد انہیں روک کر ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔‘‘ پولیس بیان کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران نابالغ بچوں نے اس بات کا انکشاف کیا کہ دونوں اپنے گھروں سے بھاگ کر ضلع بارہمولہ سے ٹرین کے ذریعے بڈگام ریلوے اسٹیشن پہنچے تھے اور وہ ریاست پنجاب جانے کا ارادہ رکھتے تھے۔پوچھ گچھ کے دوران اپنے عزام بیان کرنے کے بعد دونوں نابالغ لڑکوں کو بڈگام پولیس نے رات بھر بچوں کے گھر (جووینائل ہوم بڈگام) میں رکھا اور ان کی کائونسلنگ کی گئی۔ بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بچوں شمالی کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ بڈگام پولیس نے شمالی کشمیر کے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رابطہ قائم کرکے کم عمر بچوں کے والدین کو بڈگام طلب کیا۔
بڈگام پولیس کا کہنا ہے کہ قانونی لوازمات کی تکمیل کے بعد دونوں نابالغ لڑکوں کو بحفاظت ان کے والدین کے سپرد کر دیا گیا









