امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ اور ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کو دوبارہ پارٹی کا صدر منتخب کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے 18 نومبر کو نیشنل کانفرنس کی صدارت کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔ فاروق عبداللہ کا یہ اعلان پارٹی کیلئے حیران کن تھا۔ نیشنل کانفرنس نے اب پارٹی کے دستور کے مطابق نئے صدر کے طور پر فاروق عبداللہ کو ہی منتخب کیا ہے۔ واضح رہے کہ آج پارٹی کے بانی شیخ محمد عبداللہ کا یوم پیدائش بھی ہے۔
فاروق عبداللہ نے 2002 میں بھی پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ دیا تھا اور اپنے بیٹے عمر عبداللہ کے ہاتھوں میں پارٹی قیادت سونپی تھی تاہم بعد میں پارٹی کی کارکردگی مایوس کن ہونے کے بعد انہیں دوبارہ صدر منتخب کیا گیا۔ فاروق عبداللہ کو 1982 میں شیخ محمد عبداللہ کی وفات کے بعد نیشنل کانفرنس کا صدر بنایا گیا تھا۔