امت نیوز ڈیسک //
جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے ایک شال فروش کی اتوار کو ریاست کرناٹک میں ایک سڑک حادثے میں موت ہوگئی۔ذرائع کے مطابق ضلع اننت ناگ کے سیر ہمدان علاقے کا رہائشی 45 سالہ علی محمد وانی جو پیشہ سے شال فروش ہیں، کو کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں اس وقت ایک گاڑی (ٹیمپو ٹریولر) نے ٹکر مار دی۔ جب وہ ایک ریلوے اسٹیشن سے باہر آرہے تھے، جس کے نتیجے میں شال فروش کو شدید چوٹیں آئیں۔
وانی کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا، ان کا کہنا تھا کہ ان کی لاش وکٹوریہ ہسپتال میں موجود ہے اور ہسپتال انتظامیہ لاش کو رشتہ داروں کے حوالے کرنے کے منتظر ہیں، البتہ مہلوک کے رشتہ دار لاش کو حاصل کرنے کے لئے بنگلورو روانہ ہوئے ہیں۔بتایا جا رہا ہے کہ وانی دو روز قبل شال فروشی کے لئے بنگلور کے لیے اپنے گھر سے روانہ ہوئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس نے ڈرائیور کو گرفتار کر کے گاڑی کو قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت قبضے میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔