امت نیوز ڈیسک //
جموں:جموں و کشمیر میں منگل کی شام جموں میں سدھرا پل چیکنگ پوائنٹ کے قریب ایک مشتبہ دھماکہ کی اطلاع ہے۔ پولیس ٹیم معاملے کی تحقیقات کے لیے موقع پر تلاشی لے رہی ہے۔ جموں و کشمیر پولیس نے کہا کہ منگل کی شام سدھرا پل چیکنگ پوائنٹ پر دھماکے جیسی آواز سنائی دینے کے بعد سیکورٹی فورسز کی جانب سے تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندن کوہلی نے کہا کہ "آج (منگل) کی شام دیر گئے سدھرا پل چیکنگ پوائنٹ کے قریب دھماکے جیسی آواز سنی گئی۔ معاملے کی تصدیق کے لیے جائے وقوعہ پر تلاشی لی جا رہی ہے۔ مزید تفصیلات اسی کے مطابق شیئر کی جائیں گی۔”
رپورٹ کے مطابق حادثے کے وقت پل پر کوئی حرکت نہیں تھی۔ اس لیے فی الحال کسی جانی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔ حادثے میں کسی کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس چندن کوہلی نے کہا کہ "پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور اضافی سکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔” انہوں نے کہا کہ دھماکے کی جگہ پر ایک گڑھا بن گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آواز بہت تیز تھی، لگتا ہے کہ یہ دہشت گردانہ حملہ تھا، تاہم اس کی حقیقت جانچ کے بعد جلد واضح ہو جائے گی۔ سامان کے ٹکڑے آج جمع کیے جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق دھماکے کا ہدف سدھرا پل پر پولیس کی چیکنگ پوسٹ بھی ہو سکتی ہے.