امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ :جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں حکام نے ہفتہ کے روز ایک عسکریت پسند کے رہائشی مکان کو یہ کہتے ہوئے منہدم کر دیا کہ ’’ڈھانچہ سرکاری زمین پر غیر قانونی طریقہ سے تعمیر کیا گیا تھا۔‘‘ بلڈوزر کی مدد سے منہدم کیے گئے دو منزلہ مکان کی انہدامی کارروائی میں پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران موجود تھے۔ انہدامی کارروائی ضلع پلوامہ کے ہنجن بالا، راجپورہ علاقے میں انجام دی گئی جہاں، انتظامیہ کے مطابق، ’’سرگر عسکریت پسند عاشق نینگرو، اس وقت پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے کوٹلی علاقے رہائش پذیر ہے، کے مکان کو اُس وقت منہدم کیا گیا جب محکمہ ریونیو نے دعویٰ کیا کہ دو منزلہ مکان سرکاری اراضی پر تعمیر کیا گیا تھا۔‘
قابل ذکر ہے کہ عاشق حسین کے مکان کو منہدم کیے جانے سے قبل حکام کی جانب سے اٹیچ کر دیا گیا تھا۔ تاہم انتظامیہ نے ہفتہ کو اسے ’’غیر قانونی طور پر سرکاری اراضی پر تعمیر کیے جانے‘‘ کی پاداش میں منہدم کر دیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ کشمیر کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا واقعہ پیش آیا کہ ایک عسکریت پسند کے رہائشی مکان پر بلڈوزر چلا کر اسے منہدم کر دیا گیا ہو۔‘
حفاظتی ایجنسیز کے مطابق عاشق حسین کئی عسکری سرگرمیوں میں ملوث تھا جس کے بعد اس نے پاکستان میں پناہ لی اور وہیں سے اس اپنی کارروائیوں کو انجام دے رہا ہے۔









