امت نیوز ڈیسک //
جموں کشمیر ایک سنہری دور کی جانب گامزن ہے اور ہم ایک خوشحال اور جامع معاشرے کی تشکیل کیلئے پرعزم ہیں کا اعلان کرتے ہوئے لیفٹنٹ گوربر منوج سنہا نے عوام پر زور دیا کہ وہ ترقی کے عمل کو تیز کرنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ اسی دوران انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اس بات کو یقینی بنارہی ہیں کہ جموں و کشمیر کے بے گناہوں کا خون سڑکوں پر نہ بہے۔ سی این آئی کے مطابق لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے جنرل زوراور سنگھ کو ان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقعہ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کے عظیم ترین فوجی کمانڈروں میں سے ایک جنرل زوراور سنگھ نے اپنی بے مثال بہادری اور فوجی حکمت عملی سے ملک کا سر فخر سے بلند کیا۔ وہ آنے والی نسلوں کو ترغیب دیتے رہیں گے۔ لیفٹنٹ گورنر نے مزید کہا کہ وہ ہندوستان کی طاقت اور خود اعتمادی کا مجسمہ ہیں۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ ا ن کی بہادری، نظم و ضبط اور فرض کے تئیں لگن اس بات کی گواہی ہے کہ بہادر کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ جنرل زوراور سنگھ نسلوں کے لیے ایک آئکن ہیں کیونکہ ان کا نام مادر وطن کے لیے محبت، عقیدت اور قربانی کا مضبوط احساس پیدا کرتا ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہندوستان کی تاریخ میں ان کے تعاون اور اہمیت کو پوری طرح پہچاننے کی ہماری اجتماعی کوشش ہونی چاہئے۔ مورخین، ادیبوں کو چاہیے کہ وہ حقیقی قومی ہیرو جنرل زوراور سنگھ کے تاریخی کارنامے پر توجہ دیں اور نئی نسل کو لداخ، بلتستان، تبت میں ان کی فوجی مہمات اور مہاراجہ گلاب سنگھ جی کے دور میں ڈوگرہ سلطنت کی توسیع میں بے پناہ شراکت کی یاد دلائی جائے۔ اس موقعہ پر جموں کشمیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ جموں کشمیر اپنے سنہری دور کی طرف بڑھ رہا ہے، لوگوں کی بنیادی اقدار اور آباو?ٓاجداد کے نظریات اور نظریات کے ساتھ خطہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ جنرل زوراور سنگھ نے ایک مضبوط اور خوشحال جموں و کشمیر کا تصور کیا تھا، جس میں ہر شہری عزت اور خود اعتمادی کی زندگی گزار سکے۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ہم ایک خوشحال اور جامع معاشرے کی تشکیل کے لیے پرعزم ہیں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے عوام پر زور دیا کہ وہ ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔