امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ:جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے کپرن علاقے میں کانگریس کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں کانگریس کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی اور متعدد رہنماؤں نے کارکنان کو مخاطب کیا۔ ریاستی کانگریس کے سابق صدر غلام احمد میر نے اس موقع پر متعدد افراد کو کانگریس میں شامل کیا۔
کشمیریوں کے لیے علیحدہ شناختی کارڈ سازش کا حصہ، کانگریس لیڈرتقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے سابق وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر غلام احمد میر نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’کشمیریوں کے لیے علیحدہ ڈیٹا بیس اور علیحدہ فیملی کارڈ اس بات کی عکاس ہے کہ مرکزی سرکار جموں و کشمیر کے باشندوں کو ملک کے دیگر شہریوں سے علیحدہ تصور کر رہی ہے۔‘‘
انہوں نے علیحدہ شناختی کارڈ کے حوالہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’اس طرح کے ہتھکنڈوں سے یہاں کے لوگ مزید بدظن ہو رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کہ ’’اس طرح کی کارروائی کے درپے یقیناً کوئی نہ کوئی سازش پنہاں ہے۔‘‘ کانگریس لیڈر کے مطابق ’’مرکزی سرکار مہنگائی اور بے روزگاری کو کم کرنے کے بجائے اس طرح کی کارروائیوں میں مصروف ہے۔‘‘









