امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں وکشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی )کے نزدیک فوج نے دو بہنوں کو 890 گرائم ہیروئن سمیت دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر پولیس ، بارڈر سیکورٹی فورس اور آرمی نے جمعے کے روز پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک منشیات سمگلنگ کی ایک کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو بہنوں کو حراست میں لیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی سربراہی میں سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے پونچھ کے جابا گاؤں میں ایک دوشیزہ کو دھر دبوچ کر اُس کے قبضے سے 4 سو گرام ممنوع نشیلی اشیاءضبط کی۔
انہوں نے کہا کہ دوران پوچھ تاچھ دوشیزہ نے بتایا کہ اُس نے منشیات کا اور ایک پیکٹ گھر کے اندر رکھا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی ٹیم نے گرفتار دوشیزہ کے گھر پر چھاپہ مارا اور وہاں سے 490گرام ہیروئن جیسی ممنوع نشیلی اشیاء برآمد کی۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہے اور مزید گرفتاریوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار بہنیں اسکول جاتی ہیں اور پاکستانی ہینڈلر عاشق نے اُنہیں ممنوع نشیلی اشیاء فراہم کی ہے۔( یو این آئی)