امت نیوز ڈیسک //
چٹاگانگ: چٹاگانگ کے ظہور احمد چودھری سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا نے بنگلہ دیش کو 188 رنز سے شکست دے دی۔ میچ کے پانچویں اور آخری دن کلدیپ یادو، اکشر پٹیل اور محمد سراج نے بنگلہ دیش کی بقیہ 4 وکٹیں حاصل کر کے ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔ کلدیپ یادو کو بہترین کارکردگی کے لئے پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
یاد رہے کہ چٹاگانگ ٹیسٹ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 404 رن بنائے گئے۔ جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم پہلی اننگ میں 150 رن پر ہی ڈھیر ہو گئی۔ ہندوستان نے بنگلہ دیش کو فالو آن نہ دے کر خود دوسری اننگ شروع کرنے کا فیصلہ کیا اور 258 رن بنا کر اننگ ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ اس طرح بنگلہ دیش کو میچ جیتنے کے لئے 513 رنوں کا ہدف حاصل ہوا۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم دوسری اننگ میں 324 رن ہی بنا سکی اور اسے 188 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان نے میچ جیتنے کے لیے کھیل کے پانچویں دن بنگلہ دیش کو 50 منٹ میں آل آؤٹ کر دیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ کے ایل راہل نے بطور ٹیسٹ کپتان پہلی جیت حاصل کی۔ اگرچہ بنگلہ دیش نے اپنے کپتان ثاقب الحسن کے 84 رنز کے ساتھ میچ بچانے کے لیے سخت جدوجہد کی لیکن دیگر بلے باز زیادہ دیر تک ٹک نہیں سکے اور دوسری اننگ میں تمام کھلاڑی 113.2 اوورز میں 324 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔
ہندوستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر اکشر نے چوتھی اننگز میں چار وکٹیں حاصل کیں، جبکہ کلدیپ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، اس کے بعد امیش یادو، محمد سراج اور روی چندرن اشون نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
کلدیپ یادو کو ان کی کارکردگی کے لئے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انہوں نے اس میچ میں پہلی اننگ میں 5 اور دوسری اننگ میں 3 کے ساتھ کل 8 وکٹ حاصل کئے۔ اس کے علاوہ انہوں نے پہلی اننگ میں 114 گیندوں میں 40 رن بھی اسکور کئے۔
اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان کے لگاتار دوسری عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ ہندوستان ٹیبل میں 55.77 کے پاس فیصد کے ساتھ سری لنکا کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے مقام پر ہے۔