امت نیوز ڈیسک //
جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے ٹی آر سی گراونڈ سے ہر ی سنگھ ہائی اسٹریٹ تک لگنے والے روایتی سنڈے مارکیٹ میں حسب معمول لوگوں کا اژدھام ا±مڈ آیا تھا، بھیڑ بھاڑ کا یہ عالم تھا کہ گاڑیوں کا ہی جام نہیں بلکہ راہگیروں کا بھی جام لگ جاتا تھا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ مختلف اشیائے ضروریہ خاص کر گرم ملبوسات اور گھریلو ساز وسامان خریدنے کے لئے لوگوں کے رش کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ دوپہر تک بیشتر اے ٹی ایم میشنوں میں پیسے ختم ہوئے تھے۔سویٹر بیچنے والے ایک ریڑا بان نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ گزشتہ اتوار کو شدید سردی کی وجہ سے کام قدرے متاثر ہوا تھا لیکن اس اتوار کو موسم بھی قدرے بہتر ہے جس کی وجہ سے کام بھی بہتر رہا۔معلوم ہوا ہے کہ سردی کے باعث سنڈے مارکیٹ میں اتوار کے روز لوگوں نے گرم ملبوسات کی جم کر خریداری کی۔بتادیں کہ سری نگر کے سول لائنز میں ٹی آر سی کراسنگ سے تاریخی لال چوک تک ہر اتوار کو سنڈے مارکیٹ لگتا ہے جس میں سینکڑوں ریڑہ بان ضرورت زندگی کی مختلف چیزیں بالخصوص ملبوسات سستے داموں فروخت کرتے ہیں۔(یو این آئی)