امت نیوز ڈیسک //
لاہور: پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی آئندہ سال سابق کپتان شاہد آفریدی کی بیٹی انشا سے شادی کرنے والے ہیں۔
پاکستان میں میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انشا کے ساتھ شاہین کے نکاح کی تقریب 3 فروری کو ہوگی، تاہم رخصتی بعد میں ہوگی۔
دونوں خاندانوں نے شادی کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ شاہین شاہ نے پہلے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ آفریدی کی دختر انشا سے شادی کریں۔
ان کے خاندان نے ہی شاہد آفریدی سے ان کی بیٹی کا ہاتھ مانگا تھا اور شاہد آفریدی نے کچھ ماہ بعد اس رشتے کو قبول کرلیا تھا۔ سابق آل راؤنڈر نے گزشتہ سال مارچ میں اس بات کا انکشاف کیا تھا۔
آفریدی نے یہ بھی کہا کہ ان کی بیٹی اپنی پڑھائی میں مصروف ہے اور ڈاکٹر بننے کی خواہش رکھتی ہے۔
دوسری طرف شاہین شاہ آفریدی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ یہ میری خواہش تھی کہ میں انشا سے شادی کروں اور الحمدللہ اب یہ آرزور پوری ہو رہی ہے۔ میں نے انشا سے ملاقات کی ہے اور دوبارہ جلد ہی ان سے ملوں گا۔
یہ شادی 13 فروری سے شروع ہونے والی پاکستان سوپر لیگ سے عین قبل ہونے والی ہے۔ شاہین اگلے سال پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے لئے کھیلیں گے۔