امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ: جموں و کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قومی تحقیقات ایجنسی کی جانب سے دو الگ الگ مقامات پر چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔ قومی تحقیقات ایجنسی نے آج ضلع پلوامہ کے دربگام اور چرسو اونتی پورہ میں چھاپہ مار کاروائیاں انجام دی، جو ابھی بھی جاری ہے۔ ضلع پلوامہ کے دربگام علاقے میں ریٹائرڈ پولیس سب انسپکٹر محمد احسن میر کے گھر پر این آئی اے نے چھاپہ مارا ہے اور اس وقت چھاپہ مار کارروائی جاری ہے۔
نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے جمعہ کی صبح عسکریت پسندی کی فنڈنگ سے متعلق ایک معاملے میں وادی کشمیر میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے۔ ذرائع کے مطابق کشمیر بھر میں 13 مقامات پر این آئی اے کے چھاپے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ چھاپے عسکریت پسندی کی فنڈنگ سے متعلق معاملے میں مارے جا رہے ہیں۔ وہیں اس حوالے سے جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ علاقے میں بھی چھاپہ ماری کی گئی ہے، آون پورہ چرسو اونتی پورہ میں محمد عمران وانی ولد عبدالغنی اور گھاڈی کھل کے شیزان بیگ ولد گلزار احمد کے گھروں پر چھاپہ ماری کی گئی ہے، اس دوران گھریلو اشیاء کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی ہے تاہم آخری اطلاعات کے مطابق کسی کی گرفتاری کی اطلاع نہیں ہے۔