امت نیوز ڈیسک //
پولیس نے جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے گنڈھا گاؤں میں بیوی کو قتل کرنے کے الزام میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو 21 دسمبر کو معتبر ذرائع سے ایک اطلاع موصول ہوئی کہ دوران شب 26 سالہ شمیمہ کوثر زوجہ ذوالفقار علی ساکن گنڈھا کی گلہ کٹی لاش اس کے گھر کے باہر پائی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی اس ضمن میں پولیس اسٹیشن بدھل میں ایک کیس درج کیا گیا اور لاش کو بر آمد کرنے کے لئے پولیس کی ایک پارٹی کو جائے موقع کی طرف روانہ کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ لاش کو پوسٹ مارٹم کرنے کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ اس کیس کے سلسلے میں پیشہ ور طریقے سے تحقیقات شروع کی گئیں اور اس دوران مقتولہ کے شوہر ذوالفقار علی شک کے دائرے میں آگئے ۔
بیان کے مطابق پوچھ تاچھ کے دوران مذکورہ شخص نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی اہلیہ پر کسی دوسرے نامعلوم شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات ہونے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ مجھے اس کے کردار پر شک تھا۔
پولیس بیان میں کہا گیا”ملزم نے مجرمانہ ارادے کے ساتھ اس دن جرم انجام دینے کا پلان کیا اور بالآخر اس کو کسی تیز دھار والے ہتھیار سے قتل کر دیا“۔
بیان کے مطابق تحقیقات کے دوران ملزم کے انکشاف پر جرم انجام دینے کےلئے استعمال کیا جانے والے ہتھیار‘ایک چاقو، بر آمد کیا گیا اور اس سلسلے میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔